اڈپی:21/جولائی (ایس او نیوز) جنم جنم کا ساتھ نبھانے کے وعدے کرنے والے تو ہر گلی کوچے میں نظر آئیں گے مگر حقیقی معنوں میں زندگی اور موت کے سفر میں عملی طور پر ایک دوسرے کا ساتھ نبھانے والے نایاب ہوتے ہیں۔لیکن کبھی کبھی کچھ انہونی بھی ہوجاتی ہے۔اڈپی سے ملنے والی ایک رپورٹ کے مطابق بہت ہی پیار اور محبت سے ازدواجی زندگی کا ایک لمبا سفر طے کرنے کے بعد ایک بزرگ جوڑے نے موت کا سفر بھی ایک ساتھ شروع کیا ہے جو ایک نادر مثال اورقابل رشک بات ہے۔
تفصیلات کے مطابق اڈپی کے امبلپاڈی کاپیٹو کے رہنے والے سومیاشیٹی گار(58سال) اوران کی بیوی نیتراوتی شیٹی گار(67سال) وہ بزرگ جوڑا ہے جو زندگی بھر ایک دوسرے کے ساتھ پیار اور الفت کی زندگی گزارتا رہا اور جب آخری وقت آیا تو بھی قدرت نے ان کو جدا نہ کیا اور دونوں ایک ساتھ فوت ہوگئے۔
سومیا شیٹی گار کے بارے میں بتایاجاتا ہے کہ اس کو دمہ کی بیماری کے لئے اسپتال میں داخل کیاگیا تھا۔ جبکہ اس کی بیوی نیتراوتی کو بھی عمر رسیدہ ہونے کی وجہ سے ایک دوسرے پرائیویٹ اسپتال میں رکھا گیا تھا۔سومیا کی حالت بہت ہی نازک ہوگئی توڈاکٹروں نے اسے گھر واپس بھجوادیا۔گھر پہنچنے کے کچھ وقفے کے بعد سومیا کی موت واقع ہوگئی۔اس کے کچھ ہی دیر بعد اسپتال میں موجود نیتراوتی کی طبیعت اچانک بہت ہی بگڑ گئی اور اس کی بھی موت واقع ہوگئی۔ان دونوں کی آخری رسومات ایک ساتھ اداکرتے ہوئے ان کی چتا کو آگ لگائی گئی۔اس طرح زندگی میں ساتھ رہنے والایہ خوش نصیب جوڑا موت کے وقت بھی ایک دوسرے سے رفاقت کی ایک نادر مثال چھوڑ گیا!